راولپنڈی پولیس کی ضبط شدہ منشیات کی بھاری کھیپ نذر آتش کردی گئی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) راولپنڈی پولیس 1402 منشیات کیسوں میں ضبط کی گئی ہیروئن ، چرس اور شراب سمیت منشیات کی بھاری کھیپ نذر آتش کرکے تلف کردی اس سلسلے میں جمعرات کو ڈی ایچ اے ویلی میں گرینڈ تقریب منعقد کی گئی جس میں ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی گلزار خالد ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر ، چیف ٹریفک افسر محمد بن اشرف ، ایس ایس پی آپریشنز محمد عبدالقادر قمر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے میز بان کی حیثیت سے منشیات کی کھیپ نذر آتش کرنے کے حوالے سے تفصیلات جاری کیں جن میں بتایا گیا کہ آج راولپنڈی پولیس جو منشیات نذر آتش کر رہی ہے وہ ضلع بھر کے 1402 مقدمات میں ضبط شدہ ہے جس میں 622.67 کلو گرام چرس ، 32.045 کلو گرام ہیروئن ،404 بوتل ،26 کین شراب ، 1646 کپی شراب اور 1214 لیٹر شراب شامل ہیں منشیات کی تلفی کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی سے خصوصی احکامات حاصل کیے گئے تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی گلزار احمد خالد بھی شریک ہیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلزار احمد خالد نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسی لعنت سے چھٹکارا پانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔