واسا کے 450سے زائد ٹیوب ویلوں اور واٹر ورکس کی بجلی منقطع ہونے کا خطر ہ ٹل گیا
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیئرمین وا ٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی راولپنڈی عارف علی عباسی کی ذاتی کوششوں سے ساڑھے چار سو سے زائد ٹیوب ویل اور واٹر ورکس کی بجلی منقطع ہونے کا خطر ہ ٹل گیا جمعرات کوبجلی کے واجبات ادا نہ ہونے کی وجہ سے آئیسکو نے واسا کے ٹیوب ویلوں کی بجلی کاٹنے کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی تھیں بجلی منقطع ہوجاتی تو راولپنڈی شہر بھر میں پانی کی سپلائی بند ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھالیکن چیئرمین واسا کی بروقت مداخلت سے پانی کا پیدا ہونے بحران ٹل گیا ہے گزشتہ روز آئیسکو حکام سے کامیاب مذاکرات کے بعد واسا راولپنڈی کو دس دن کی مزید مہلت دے دی گئی ہے یاد رہے کہ واسا نے پچھلے تین ماہ سے بجلی کے واجبات آئیسکو کو ادا نہیں کئے جس کی وجہ سے آئیسکو مسلسل واسا کی بجلی منقطع کرنے کے نوٹس جاری کرچکا ہے گزشتہ روز بجلی منقطع کرنے کی باقاعدہ کاروائی کی جارہی تھی کہ واسا چیئرمین عارف علی عباسی نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے آئیسکو حکا م کو دس دن کی مہلت کی درخواست کی جس پر خطرہ دس دن کیلئے ٹل گیا ہے اس موقع پر چیئرمین واسا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو واسا کے بیل آئوٹ پیکیج کی سمری ارسال کی ہوئی ہے امید ہے کہ صوبائی حکومت جلد بیل آئوٹ جاری کردے گی جس کے بعد اس بحران کا خاتمہ ہوجائیگا ۔