حمزہ شہباز کا پاسپورٹ بلیک لسٹ میں ڈالنا انتقامی کارروائی ہے،حاجی پرویز خان
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے) پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ہمارے قائدین کو گرفتاریوں کے ڈراوے دینے بند کرے ہم جھکنے والے ہیں نہ ڈرنے والے ۔ ہم نے ہمیشہ مشکل حالات میں سرخرو ہونا سیکھا ہے میاں حمزہ شہباز کے پاسپورٹ کو بلیک لسٹ میں ڈالنا صریحاً انتقامی عمل ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت یاد رکھے حمزہ شہباز شریف اپنی بہادری میں خود مثال رہے ہیں انہوں نے مشرف دور میں جو صعوبتیں برداشت کیں اس پر سیاسی مخالفین بھی انہیں داد دیتے ہیں ن لیگ کے کارکنوں کا جتنا دبایا جائے گا وہ اتنے ہی مضبوط ہوں گے ہم نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی انتقامی سیاست سے وہ اپنی حکومتی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکے گی ۔