نبی پاکؐ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں، شیخ راشد شفیق
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے کہاہے کہ نبی پاکؐ کی بتا ئی ہوئی تعلیمات پر عمل پیر ا ہو کر دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت بھی سنواری جاسکتی ہے ہمیں تمام تراختلاف کو بالائے طاق رکھ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ ملک میں امن و امان اور مستحکم پاکستان کے لیے علماء کرام اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولپنڈی پریس کلب میںزونل سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپیر نقیب الرحمان ،زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف بابر سلطان گوندل،سٹی نائب صدر تحریک انصاف عمر بٹ،زونل خطیب مفتی عنایت الرحمن، ڈسٹرکٹ خطیب حافظ اقبال رضوی،پیراظہار بخاری، شوکت جفری،ڈسٹرکٹ خطیب جہلم مولانا طارق محمود جشتی ،مولانا حق نواز ،عبدالرحیم عباسی ،پاسڑ عادل مسیح گل سمیت دیگر مکاتب فکر کے جید علماء کرام سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر نقیب الرحمن نے کہا کہ ختم نبوت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی نبی پاکؐ کی شان میں گستاخی برداشت کی جائے گی۔ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف بابر سلطان گوندل نے کہا کہ سیرت نبیﷺ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں کی برابرشرکت پر ان کا مشکور ہوں۔ اظہار حسین بخاری نے کہا کہ وہ امریکہ کے صدر ٹرمپ کے مذہبی آزادی کے خلاف بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر جتنی مذہبی آزادی اقلیتوں کو حاصل ہیں اتنی پوری دنیا کے کسی دوسرے خطہ میں نہیں ۔ پاسٹر عادل مسیح گل نے کہا کہ ٹرمپ کااقلیتوں کے حوالے سے بیان درست نہیں۔پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ مولانا حق نواز راحت گوندل،شوکت جعفری ،عبدالرحیم عباسی سمیت دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔