خواتین کو تعلیم یافتہ بنائے بغیر ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا،پیرزادہ راحت قدوسی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)راولپنڈی کالج آف کامرس کے چیف ایگزیکٹو پیرزادہ راحت قدوسی نے کہا ہے کہ خواتین کا معاشرہ میں اہم کردار ہے اگر ایک مرد کو تعلیم دی جائے تو ایک فرد تعلیم یافتہ ہوتا ہے جبکہ ایک خاتون کو تعلیم دینے سے پورا خاندان اور معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوجاتا ہے۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی کالج آف کامرس میں ویلکم پارٹی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں کالج کے پرنسپل حامد محمود اور پرنسپل جناح انسٹی ٹیوٹ مسعود سلطان چوہدری بھی موجود تھے۔ پیرزادہ راحت قدوسی نے راولپنڈی تعلیم بورڈ میں کامرس گروپ میں تیسری پوزیشن معزہ لطیف کو پچاس ہزار کیش پرائز اور سمن صغیر نے کالج کے میڈیکل گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دس ہزار کیش پرائز سے نوازا۔تقریب کے اختتام پرطالبات نے ٹیبلو، ملی نغمے اور خاکے پیش کئے۔