ایف آئی ا ے میں اقلیتی کوٹہ نہ ہونے سے متعلق کیس کی سماعت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے میں اقلیتی کوٹہ نہ رکھنے کے خلاف درخواست پر فریقین سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ جوائے جوزف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزار اپنے وکیل یاسرمحمود چوہدری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ یاسر محمود چوہدری نے فاضل عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ نے نوکری کے حصول کے لئے دو دسمبر 2018ئ کو اشتہار جاری کیا۔ آرٹیکل 36 کے تحت اقلیتوں کے لئے پانچ فیصد کوٹہ مختص ہے ، آئین کے مطابق مختص کوٹے پر عمل کرنا تمام محکموں پر ضروری ہے ، ایف آئی اے میں نوکری کے حصول کے لئے پبلک سروس کمیشن کی بجائے پرائیوٹ فرم کو ٹیسٹنگ کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے فاضل عدالت سے استدعا کی کہ اقلیتی برادری کے لئے مختص کوٹہ بحال کیا جائے اور امیدواروں سے ٹیسٹ کے لئے متعلقہ محکمے کو حکم جاری کیا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ، منیجر یو ٹی ایس اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔