چیئرمین پی اے سی کا معاملہ‘ بلاول کی تجویز پر ہی معاملہ آگے بڑھا‘ ترجمان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے حکومت کی طرف سے قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی بنانے پر آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اصولی موقف کی وجہ سے پارلیمنٹ سرخرو ہوئی ہے۔ ہم اپنے سیاسی نفع نقصان کے لئے نہیں بلکہ جمہوریت اور اداروں کی بہتری کے لئے فیصلے کرتے ہیں۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر ہی معاملہ آگے بڑھا اور جمہوریت کی فتح ہوئی۔ پیپلز پارٹی کی اس تجویز کے نواز دور کے پیراز کی آڈٹ کے لئے الگ کمیٹی بنائی جائے سے بھی اتفاق کیا گیا جس کی وجہ سے پارلیمنٹ ڈیڈ لاک کی صورتحال سے نکل گئی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری روایتوں کی امین ہے۔ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوریت اور جمہوری کلچر کی مضبوطی کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔