پنجاب کی ثقافت کے سو دن
وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب نے برسرِ اقتدار آکر پہلے سو دنوں کے حوالے سے قوم سے عہد کیا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ان سو دنوں میں اپنے لائحہ عمل کے حوالے سے کام کر کے اپنی سمت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ اس حوالے سے تمام محکموں کو خصوصی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ضابطے کی پابندی کرتے ہوئے شفافیت اور تیز رفتاری سے کام کریں اور بہتری کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہر محکمہ اپنی اپنی پراگرس رپورٹ پیش کرتا نظر آ رہا ہے۔ جس کے بہت سے فائدے ہیں۔ متعلقہ محکموں کے وزراءکے ساتھ ساتھ محکمے کے تمام افراد کو بھی اپنی کار کردگی جانچنے کا موقع مل جاتا ہے۔
پنجاب کے وزیرِ اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے بڑے دبنگ انداز میں شعبہ اطلاعات و ثقافت میں انٹری دی تھی۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کا حوصلہ مزید پختہ ہور رہا ہے۔ فیاض الحسن چوہان سچے اور کھرے انسان ہیں، کمٹ منٹ کے پکے ہیں اور اکثر محافل میں وقت سے قبل پہنچ جاتے ہیں۔ ان کی شخصیت کا عوامی رنگ اور بول چال میں اپنائیت ان کی ہر دلعزیزی کا باعث بن رہی ہے۔ گزشتہ روز انھوں نے اپنی کار کردگی کے حوالے سے بھر پور پریس کانفرنس کی اور اپنی کار کردگی کو کھلے عام میڈیا کے سامنے بیان کیا۔
انھوں نے کہا کہ میں نے پنجاب کے ثقافتی ورثے کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کی ترویج اور آرٹ کی پروموشن کا تہیہ کر رکھا ہے۔ کبھی کلچر صرف تفریح تک محدود تھا مگر اب دنیا بھر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے ابتدائی سو روزہ ایجنڈے میں کلچر کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ کلچر کے علاوہ اطلاعات کے محکمے کو بھی مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ لیکن ہماری جماعت کی یہ فعلیت خود نمائشی تک محدود نہیں ہو گی نہ ہی ہم اربوں روپے کے تصویر زدہ اشتہارات سے قومی خزانے کا بیڑہ غرق کریں گے۔ شعبہ اشتہارات میں شفاف آڈٹ کا عملی آغاز کیا جا چکا ہے۔ جلد ہی میڈیا مالکان ا±س تبدیلی کو محسوس کریں گے جو نئے پاکستان کی بنیاد ہے۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت نے گزشتہ تین مہینوں میں حکومت کے ویژن کے مطابق ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جو اہم اقدامات ا±ٹھائے ہیں۔ اُن میں الحمرا سکول آف پرفارمنگ آرٹس کی شروعات، باغ جناح میں موجود اوپن ائیر تھیٹر کی اپ گریڈیشن اور 200 ملین کی خطیر رقم سے بھکر آرٹس کونسل کا قیام شامل ہے۔ اس کے علاوہ لاہور میوزیم کی عمارت کی تزئین و آرائش کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے سالانہ بجٹ میں 400 ملین کی رقم مختص کی گئی ہے۔ پنجاب کے فنکار ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ ان کو سہولتیں دینا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس لئے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام فنکاروں ان کے اہل و عیال کے لیے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے۔ اس ہیلتھ انشورنس سے تقریبا 6000 خاندان مستفید ہوں گے کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ فن اور فنکار کی قدر کرنے والی قومیں نہ صرف ہمیشہ زندہ رہتی ہیں بلکہ تاریخ انھیں سنہری حروف میں رقم کر تی ہے۔انھوں نے آرٹ کو محفوظ کرنے کے لیے الحمرا آرٹ میوزیم کو مزید بہتری کی طرف لے جانے کا ارادہ ظاہر کیا جبکہ صوبے میں نئے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے وائس آف پنجاب کے نام سے ایک بڑے میوزیکل ٹیلنٹ ہنٹ شو کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ جس تیز رفتاری سے پنجاب میں ثقافت کی ترویج کے لئے کام جاری ہے۔ وہ پنجاب کی فطری شکل کو دنیا کے سامنے لانے کا وسیلہ بنے گا۔ کلچر ہمیں کلچرڈ قوم بننے میں معاون ہوگا۔ زمین سے جڑی ہماری شخصیت کو سنوارے گی۔ فیاض الحسن چوہان خوش قسمت ہیں کہ انھیں بلال احمد بٹ جیسے وژنری سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کی معاونت حاصل ہے جو ضابطے اور معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ پنجاب میں کلچر کے شعبے میں فیاض الحسن چوہان کی کامیابی اس شعبے سے جڑے تمام اداروں کے افسران کا ان پر بھر پور اعتماد واضح کرتا ہے۔ اپنے رہنما کی طرح وہ بھی ایک اچھے کپتان ہیں جو اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو مثبت رنگ میں آگے بڑھانے کا ہنر جانتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر موسم بہار میں محکمہ کلچر صوبہ بھر میں تین روزہ ثقافتی سرگرمیوں کے لیے کوشاں ہے جو ایک خوش آئند عمل ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو مبار کباد کہ ان کے ایک سپاہی نے اپنی جانفشانی، دیانتداری اور کمٹ منٹ کا بھر پور اظہار کر کے اپنی جماعت کا شملہ بلند کیا ہے۔