مسقط میں میلاد النبی ﷺ کی پاکیزہ محفل
قمر ریاض
پاکستان سوشل کلب عمان کے زیر اہتمامممحفل میلاد صلی اللہ علیہ وسلم کا شاندار اور تاریخی انعقاد مسقط کی ایک دلکش پہاڑی کے دامن میں واقع سپورٹس کلب وادی کبیرکی خوبصورت اور سرسبز گراؤنڈ میں کیا گیا،جس میں مردوں اور خواتین کے لئے دو ہزار پانچ سو کرسیاں اور اتنے ہی لوگوں کے لئے چٹائیوں پر بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا ، علاوہ ازیں ان شرکائے محفل کے علاوہ اطراف اور جہاں جگہ ملی، لوگ کھڑے ہو کر اس پاکیزہ محفل میں شرکت سے فیض یاب ہوتے رہے - کم و بیش سات ہزار سے زائد لوگ اس نورانی محفل میں شریک ہوئے - ہمارے نبی پاک، آقائے دو جہاں، حضرت محمد ؐکا ذکر پاک ہو اور ذکر کرنے والی پر فضیلت شخصیت پاکستان کے عالمی مبلغ اسلام پیر زادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی کی ہوتو روح کی تازگی لوٹ آتی ہے۔ جب آپ نے اپنا بیان شروع کیا تو چشم حیرت نے یہ نظارہ بھی دیکھا کہ جم غفیر میں اگر اس وقت کوئی سوئی بھی پھینکی جاتی تو اس کا بھی شور سنائی دیتا۔ اس قدر محویت اور خاموشی سے اشکوں کی بارش میں اس مقبول خاص و عام عالم دین اور شیریں سخن خطیب کا بیان سنا گیا، جس میں آپ نے لوگوں کو احکام الہی اورارشادات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی بڑھ چڑھ کر پیروی کی پر زور تلقین کی- اس منظم دینی محفل کے انعقاد سے پاکستان سوشل کلب عمان نے پاکستانی کمیونٹی سے بے حد قدر و منزلت اور تحسین حاصل کی ہے، جس کے لئے کلب کے چیئرمین میاں محمد منیر، عہدیداران اور تمام ڈائریکٹرز مبارکباد کے مستحق ہیں - پاکستان سوشل کلب حالیہ مہینوں میں اپنی محنت شاقہ اور گہری لگن کی بدولت ایک مستحکم اور منظم کمیونٹی ادارہ کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کا ایک روشن ثبوت اس عظیم الشان اور بابرکت دینی محفل کا انعقاد ہے، علامہ صاحب سے قبل پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مشہور نعت خوان، محمود الحسن اشرفی اور غلام شبیر شاہین ،جبکہ مقامی مقبول نعت خواں مجتبی ذیشان اور آصف رضا سلطانی نے بھی اپنی خوبصورت آوازوں میں بارگاہ رسالت مآب ؐمیں نعتوں کے نذرانے پیش کیے- قبل ازیں تلاوت کلام پاک کی سعادت عمانی قاری حافظ زکریا اور پاکستانی حافظ محمد مدنی نے حاصل کی جبکہ نائجیریا کے ایک گروپ نے بھی مل کر اسٹیج پر عربی میں نعت پیش کی - نظامت کے فرائض پاکستان سوشل کلب عمان کے جنرل سیکرٹری، محمد زعیم اختر، نامور عربی لکھاری اور دانشور امیر حمزہ اورپاکستان سوشل کلب عمان کے ایونٹ ڈائریکٹر، راقم( قمر ریاض ) نے ادا کئے - معروف دینی اور سماجی شخصیت، حافظ نعیم خالد اور پاکستان سوشل کلب عمان کے چیئرمین، میاں محمد منیر نے پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی کے حالیہ عمان کے دورے کی نگرانی کے فرائض سر انجام دیے - حافظ نعیم خالد، جن کی کوششوں سے علامہ موصوف عمان میں تشریف لائے، نے بھی دن رات کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ مل کر کام کیا جب کہ مذکورہ کلب کے یوتھ ٹیلنٹ ونگ اور آئی ٹی ونگ نے بھی اس ضمن میں بھر پور ساتھ دیا۔ پاکستان سوشل کلب عمان کی جانب سے اس تقریب کے اہتمام میں تعاون کے لیے حکومت عمان، بالخصوص رائل عمان پولیس، میگا سپانسر، ریاض احمد مغل، ان کی پوری ٹیم،جس نے سیکیورٹی کے حوالے سے بہترین انتظامی معاونت فراہم کی - کلب کے وائس چیئرمین، شبیر احمد ندیم، ڈائریکٹرز، کاشف احمد زعیم، ان کی آئی ٹی کی پوری ٹیم، چوھدری اصغر علی، ناصر معروف، کلیم اختر، عمران اقبال، محمد علی فضل اور تمام کمیٹیوں کے اوور آل کوآرڈینیٹر، راقم (قمرریاض )سمیت افتخار احمد، سپانسرز، چوھدری محمد اشرف، محمد پرویز ابو ہارون، چوھدری اصغر علی، ملک غلام مصطفی، جملہ مہمانان گرامی، تمام شرکائے محفل اور سلطنت عمان میں مقیم تمام پاکستانیوں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ تقریب میں عمرہ کے چار ٹکٹ ریاض احمد مغل اور دوٹکٹ محمد عالم کی طرف سے قرعہ اندازی کے ذریعے سکندرعلی، اکرام حسین، محمد الیاس، عثمان، ارمان اور محمد امین کے حصے میں آئے اس قرعہ اندازی کے ڈیجیٹل انتظامات محمد زعیم اختر کی جانب سے کئے گئے ۔