پاکستان مسلمانان برصغیر کی قربانیوں کا ثمر ہے، یامین ساجد
کھڈرو(نامہ نگار)پاکستان مسلمانان برصغیر کی لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے ،طلبہ نے پاکستان کے نقشہ میں مضبوطی اور خوشحالی کا رنگ بھرنا ہے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کھڈرو کے سینئر اساتذہ محمد یامین ساجد ، رفیق منصوری ، جیوت رام و دیگر نے ہائی اسکول کھڈرو میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں کی سالہا سال کی جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے انہوں نے کہا کہ آزادی کی قدر و قیمت ہندوستان اور فلسطین کے مسلمانوں سے پوچھیں جہاں مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں جہاں مسلمانوں کی جان مال عزت و آبرو کچھ بھی محفوظ نہیں ، انہوں نے کہا کہ مملکتِ خداداد پاکستان اس وقت ایک بار پھر ظلم و ستم اور نیم غلامی کے شکنجے میں ہے جس سے آزادی کیلئے ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ محنت اور حصولِ علم کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک آزادی کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ترقی کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مسائلستان بنتا جارہا ہے جہاں نہ لائٹ ہے نہ گیس نئے تعلیمی سال کو شروع ہوئے کم و بیش ایک ماہ ہونے کو ہے مگر ابھی تک طلبہ نصابی کتابوں سے محروم ہیں عجیب بات ہے کہ اس وقت تمام پارٹیاں حکومت میں ہیں لیکن کوئی ایک مسئلہ بھی حل نہ کرسکی انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ آپ ہی مستقبل کے معمار ہیں اور آپ نے ہی پاکستان کو ترقی کی اوجِ ثریا پر پہنچانا ہے یومِ آزادی کی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا جبکہ طلبہ نے پاکستان کے ملی نغمے بھی پیش کئے ، پروگرام میں سینئر اساتذہ سائیں فضل الرحمان تالپور گسٹا یونٹ کے صدر میر قادربخش تالپور ،اللہ بخش مری ، ایاز علی جونیجو ذوالفقار ملک سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی آخر میں جشنِ آزادی کی خوشی میں طلبہ میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
یامین ساجد