جنرل ندیم کا دورہ قازقستان‘ وزیراعظم‘ فوجی حکام سے ملاقاتیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جو قازقستان کے سرکاری دورے پر ہیں، قازقستان کے وزیراعظم ایچ عسکر مامین کے علاوہ وزیر دفاع، نائب وزیر صنعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور قازقستان کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران، دوطرفہ تعاون بشمول سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول خاص طور پر افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین فوجی انگیجمنٹ کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی اور تعلقات میں مزید گہرائی لانے کا عزم ظاہر کیا گیا، جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان فوج کے فوج کے ساتھ موجودہ تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ قازقستان کے وزیراعظم اور دیگر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوںکا اعتراف کیا۔ چیئرمین جے سی ایس سی نے قازقستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور پاکستان ملٹری آرٹ روم کا افتتاح کیا جو پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار تاریخ اس کی ثقافت اور روایات کی عکاسی کرتا ہے۔