سی پیک کے ثمرات ہر پاکستانی تک پہنچائیں گے، عاصم باجوہ
اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے وڑن کے مطابق سی پیک کے ثمرات ہر پاکستانی تک پہنچائیں گے۔اپنے ایک بیان میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی سی پیک کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی کو سی پیک منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک سے متعلق بریفنگ میں 10 وفاقی وزراء اور سیکرٹریز نے شرکت کی، کمیٹی نے سی پیک سے متعلق منصوبوں پر جاری پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام وزراء نے سی پیک کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ سی پیک سے متعلقہ منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی کے لیے مختلف اقدامات اور ترجیحات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔