(چودھری عبدالخالق)
سبز رنگ کے پرچم پر ہے روشن چاند ستارہ
سب سے اچھا سب سے پیارا پاکستان ہمارا
روشن روشن دن ہیں ان کے اُجلی اُجلی شامیں
وادی وادی گونج رہی ہیں بانسریوں کی تانیں
پیار کے رنگ میں رنگا ہوا ہے یہ سارے کا سارا
سب سے اچھا سب سے پیارا پاکستان ہمارا
گلشن گلشن لگے ہوئے ہیں خوشبوئوں کے میلے
بادل کے سنگ چندا ماموں آنکھ مچولی کھیلے
اللہ کی رحمت نے کیسا اس کا روپ سنوارا
سب سے اچھا سب سے پیارا پاکستان ہمارا
آزادی کی نعمت کا ہم پل پل شکر منائیں
پُرکھوں نے قربانی دی جو ان کو بھول نہ جائیں
یہی ہے اپنی جیون کشتی یہی ہے اپنا کنارا
سب سے اچھا سب سے پیارا پاکستان ہمارا
آئو سارے محنت کر کے اس کی شان بڑھائیں
سب سے اچھی قوم ہماری دُنیا کو دکھلائیں
نفرت کی راہوں پر چلنا ہم کو نہیں گوارا
سب سے اچھا سب سے پیارا پاکستان ہمارا