عید ایام میں گرانفروشی عروج پر رہی، دکاندار صارفین کو دو دو ہاتھوں سے لوٹتے رہے
لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور میں عید الاضحی کے دوران پرچون سطح پر سبزیوں, پھلوں، دہی اور مرغی کے گوشت کی کھلے عام گراں فروشی کی گئی، حکومتی اداروں کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کے لئے موثر اقدامات نہ ہونے کے باعث دکانداروں نے عید کے دوران صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ۔ عید سے ایک روز قبل پیاز کی فی کلو سرکاری قیمت 58 روپے مقرر تھی اور عید پر دکانداروں نے ایک کلو پیاز 85 روپے تک فروخت کیا۔ لہسن دیسی کی قیمت عید سے ایک روز قبل 158روپے تھی اور عید کے دوران ایک کلو دیسی لہسن 200 روپے تک فروخت کیا گیا۔ لہسن چائنہ کی قیمت 228 روپے تھی مگر عید پر 300 روپے تک فروخت کیا گیا، ادرک چائنہ 400 روپے تک فروخت کیا گیا۔ جس کی قیمت عید سے ایک روز قبل 305 روپے تھی، ایک کلو ٹماٹر 110 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی قیمت عید سے ایک روز قبل 90 روپے تھی، کریلے 70روپے تک فروخت کیے گئے جن کی ایک روز قبل قیمت 54 روپے تھی، لیموں دیسی 150 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل 102 روپے تھی، سبز مرچ 160 سو روپے تک فروخت کی گئی جس کی فی کلو قیمت ایک روز قبل 96 روپے تھی، شملہ مرچ 120روپے تک فروخت کی گئی جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 82 روپے تھی۔ کیلا اول درجن 90 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 64 روپے تھی، آڑو اول 175روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 125روپے تھی، انگور کالا 225 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 138روپے تھی، گرما 80 روپے فی کلو تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت62 روپے تھی ، آم چونسا 170 روپے تک فروخت کیا گیا جس کی عید سے ایک روز قبل قیمت 106روپے تھی دکانداروں نے عید کا فائدہ اٹھاتے ہو صارفین کو ایک کلو دہی 100روپے تک فروخت کی جس کی سرکا ر ی قیمت 90 روپے مقرر ہے۔ برائلر مرغی گوشت کی سرکاری قیمت 291 روپے مقرر تھی لیکن دکانداروں نے صارفین کو ایک کلوبرائلر مرغی کا گوشت 300 روپے تک فروخت کیا۔