کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں: عثمان بزدار
لاہور+سرگودھا+سیالکوٹ(نیوزرپورٹر‘نامہ نگاران) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید الاضحی کی نماز اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد سیالکوٹ، سرگودھا اور بہاولپور کے دورے کیے۔مختلف شہروں کے دوروں کا آغاز گیٹ وے ٹو کشمیر سیالکوٹ سے کر کے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم عید الاضحی پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کررہی ہے اور ہم یہ عید اپنے کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔ مودی سرکار کے ظلم و ستم کے باعث کشمیری عوام عید کی خوشیاں بھی نہیں مناسکے۔ بھارت جتنا مرضی ظلم کرلے ،کشمیری عوام کی آزادی کی منزل قریب آچکی ہے ۔ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ مختلف وارڈز میں زیر علاج بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری سہولتوں تک مریضوں کی رسائی ہمارا مشن ہے۔ عام آدمی کیلئے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ عوام کے مسائل کے حل میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں۔ سیالکوٹ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل عنصر جاوید کے اہل خانہ نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پولیس لائنز سرگودھا میں یاد گار شہداء پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں دیئے گئے بڑے کھانے میں شرکت کی۔ اور ان کے ساتھ ملکرکھانا کھایا۔ و پولیس لائنز میں شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کی فیملیز کی دلجوئی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے وزیراعلیٰ نے دارالامان اور دارالفلاح میں مقیم بے آسرا خواتین اوربچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کو اپنی طرف سے ایک لاکھ روپے عیدی دینے کا اعلان کیا وزیراعلیٰ نے شہری میںصفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سنٹرل جیل بہاولپور میں قیدیوں کیلئے میسر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے جیل کے عملے اور قیدیوںکے ساتھ ملکر کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوںکی بیرکس کا معائنہ کیا اوران میں عید کے تحائف اور مٹھائی تقسیم کی۔ وزیراعلیٰ نے قیدیوں سے ان کے مسائل پوچھے اوران کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کیلئے جیل مینول کے تحت 2 ماہ کی معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے کسی وزیراعلیٰ نے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کے حوالے سے اپنے اختیارات استعمال نہیں کیے۔ میں اس سے پہلے بھی قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کرچکا ہوں۔ آج عید کے موقع پر بھی قیدیوں کی سزاؤں میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کرتا ہوں جس سے تقریباً 400سے زائد قیدیوں کی سزاؤں میں کمی ہوگی۔ پیرول پر رہائی کے حوالے سے مینول میں بھی ضروری تبدیلی کی جائے گی اور اس سے 5ہزار سے زائد قیدی جو کہ پیرول پر رہائی کا انتظار کررہے ہیں، انہیں فائدہ پہنچے گا۔ ہم پنجاب میں 9نئے ہسپتال بنا رہے ہیں۔ بہاولپور میں سپیڈو بس سروس بہت جلد دوبارہ شروع کی جائے گی۔ وزیراعلی نے بہاولپور پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں عثمان بزداراور گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے نماز عیدالاضحی بادشاہی مسجد میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لوگوں سے عید ملی۔وزیراعلیٰ اور گورنر نے لوگوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب نے نماز عید کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی و سالمیت کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب نے کشمیری عوام کی بھارتی ظلم و استبداد سے نجات اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا مانگی۔ بادشاہی مسجد کے احاطے میںشجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔ عثمان بزدار نے پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہاکہ آزادی کی انمول نعمت کے لیے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں لیکن دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی آزادی کیلئے اپنی جائز جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ بھارت نے ظلم و جبر کے ذریعے کشمیری عوام پر زمین تنگ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے۔ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے جائز حقوق کی جدوجہد میںان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت حکومت نے کرفیو اور ظلم و جبر کے ذریعے مقبوضہ کمشیر کے عوام کو عید کی خوشیاں بھی نہیں منانے دیں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تاریخ رقم کی ہے اور مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت پر انسانیت کا سرشرم سے جھک گیا ہے ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کا اجلاس میں پنجاب کے شہروں اوردیہات میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی ضروریات مہیا کرنے کیلئے پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام پر مجموعی طورپر25ارب روپے خرچ ہوںگے، جس کے تحت شہروں اور دیہات میں صفائی کے نظام ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا- عثمان بزدار نے کوہ سلیمان میں بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی اور راجن پور میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کریں گے اور مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ وزیراعلیٰ عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کریں گے۔