درآمدات پر ریگولٹری ڈیوٹی نے درآمدی بل اور تجارتی خسارہ بڑھنے کی رفتار کم کر دی
لاہور(کامرس رپورٹر) درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی نے درآمدی بل اور تجارتی خسارہ بڑھنے کی رفتار کم کر دی ہے۔ رواں مالی سال 2018-19کے پہلے مہینے (جولائی) کے دوران تجارتی خسارے میں صرف صفر اعشاریہ تین فیصد ہی اضافہ ہوا۔ نئے مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران اشیا کی بیرونی تجارت میں 3 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہا جو گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت کے مقابلے میں ایک کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال جولائی کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 1 ارب 64 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ جولائی سے 1.2 فیصد زیادہ ہے جبکہ اس دوران پیٹرولیم مصنوعات اور دوسری اشیا کا درآمدی بل 4 ارب 83 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے سے صرف صفر اعشاریہ چھ فیصد زیادہ ہے ۔رپورٹ کے مطابق جولائی کی برآمدات جون کے مقابلے میں اگر چہ تقریبا 13 فیصدکم رہیں ۔ تاہم درآمدات میں جون کے مقابلے میں 15 فیصد سے زائد کمی کے باعث جولائی کا تجارتی خسارہ جون سے 16 فیصد کم رہا ہے۔