یوم آزادی : اداکارہ ماہ نور نے 71 پونڈ وزنی کیک کاٹا
لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان کے 71ویں جشن آزادی کے موقع پر فلمسٹار ماہ نور نے تماثیل تھیٹر میں 71 پونڈ وزنی کیک کاٹا۔ اس موقع پر تھیٹر پر دیگر اداکار بھی موجود تھے۔ اداکارہ ماہ نور نے کیک کاٹنے پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ 14 اگست کا دن ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ اس دن آج سے 71 برس قبل ہمارے بزرگوں نے حضرت قائداعظم کی قیادت میں ایک طویل جدوجہد کے بعداپنے لئے الگ وطن ’’پاکستان‘‘ حاصل کیا لہٰذا اس دن کو شایان شان طریقے سے منانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کی قدروقیمت ان قوموں سے پوچھیں جو غلامی کی زندگی بسر کر رہی ہیں۔ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں انگریز اور ہندوؤں کی غلامی سے نجات دلائی اور ایک الگ وطن پاکستان عطا کیا جس میں ہم اپنی مرضی سے زندگی گزار رہے ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے ہمارے لئے الگ وطن کو قائم کر دیا۔ اب ہم نے اسے خوشحال بنانا ہے اور اس کی حفاظت کرنی ہے۔