آزادی لاکھوں عزتوں اور جانوں کی قربانی دیکر حاصل کی: محمد بلوچ
خانیوال(نامہ نگار) تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھی سکھ فوج نے مسلمانوںپر جو ظلم ڈھائے ان کو تاریخ فراموش نہیں کر سکتی ۔ آزادی سب سے بڑی نعمت ہے ہجر ت کے وقت ہزاروں مردوں او رخواتین کو شہید کر دیا گیا ہر طرف خون ہی خون تھا حاجی محمد بلوچ نے نوائے وقت سے آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میر ی عمر تقریباًایک سوتین سال کے قریب ہے اور جب پاکستان آزاد ہوا تو میں ریلوے میں ملازمت کرتا تھا اور ٹرین جب پاکستان سے ہندوستان گئی تو میں اس ٹرین کا حصہ تھا میںنے اپنی آنکھوں سے ہندوستان میں مسلمانوں پر اس ظلم وستم کے پہاڑٹوٹتے دیکھے جو کہ آج بھی میری انکھوں میں آنسو جاری کر دیتے ہیں۔ جب مسلمانوں نے ہجرت کی تو انہوں نے اپنے گھر بار مال واسباب سب کچھ ہندوستان چھوڑ کر خالی ہاتھ اپنی جانیں بچاتے پاکستان کی طرف ہجرت کرنا چاہی تو ہندوں اور سکھوں نے انہیں اپنی تلواروں اور کرپانوں اور برچیوں اور نیزوں کی نوک پر رکھ لیا۔ شہروں کے شہر مسلمانو ںکے وجود سے صاف کر دئیے۔ جوان لڑکیوں اور عورتوں پر وحشیانہ تشدد کرنے کے بعد ذبح کر دیا گیادس لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا ۔ لاکھوں زخمی ہوئے ۔ اور لاکھوں عمر بھر کے لیے معذور ہوئے ۔ ڈھائی لاکھ کے قریب جوان مسلمان لڑکیوں کو اغواء کر لیا گیا ۔ ستر سے اسی لاکھ مسلمان ہندوستان کے مختلف علاقوں سے اپنے پیاروں کو گنواتے ہوئے خالی ہاتھ پاکستان ہجرت کر کے آئے ۔