23 مارچ 1940ءکی قراردادِ پاکستان پاس ہونے کے بعد مسلمانوں کے مطالبہ¿ پاکستان کو جلد از جلد عملی شکل دینے کیلئے قائداعظمؒ نے کالجوں کے مسلم نوجوانوں کو متحرک کرنے کا اہتمام کیا۔ اسلامیہ کالج لاہور کے طلباءاس تحریک میں پیش پیش تھے ان کی دعوت پر قائداعظم نے دورہ لاہور کے دوران اُن سے خطاب کیا اور اسی کالج سے پنجاب بھر کے طلباءمیں تحریکِ پاکستان کا زبردست آغاز ہوا۔ اس تحریک کے صدر نوجوان حمید نظامی تھے۔ حمید نظامی کی قائدانہ صلاحیت اور شعلہ بیان مقرر ہونے کے باعث انہیں پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ حمید نظامی نے صوبہ بھر کے کالجوں کا دورہ کیا اور طلباءمیں مطالبہ¿ پاکستان میں شدومد سے شریک ہونے کی دعوت دی۔ فیڈریشن کی علاقائی شاخیں قائم کی گئیں جنہوں نے والہانہ انداز میں یہ پیغام گھر گھر پہنچانے کا کام شروع کر دیا۔
23 مارچ 1940ءہی کو حمید نظامی نے اپنے تین دوستوں سے مل کر مطالبہ¿ پاکستان کا ترجمان پندرہ روزہ جریدہ ”نوائے وقت“ کے نام سے شائع کیا۔ جو تحریک پاکستان کا منفرد نقیب بن کر سامنے آیا۔ عوام میں تحریک کے ساتھ ساتھ نوائے وقت میں حمید نظامی کے اداریوں اور ہندو پریس کی نکتہ چینیوں کا ترکی بہ ترکی جواب دینے کے باعث اخبار کی مقبولیت میں بہت اضافہ ہوا۔ 3 نومبر 1942ءسے نوائے وقت ہفتہ وار شائع ہونے لگا اور 22 جولائی 1944ءکو قائداعظمؒ کی ہدایت پر روزنامہ کی شکل میں ظہور پذیر ہوا نوائے وقت واحد اخبار ہے جس کے ایڈیٹر کو قائداعظمؒ نے مسلم لیگ کے موقف کی کامیاب ترجمانی پر 3 مرتبہ مبارکباد کے پیغامات سے نوازا۔
بلا خوفِ تردید یہ ایک حقیقت ہے کہ پنجاب کے کالجوں اور سکولوں کے طالب علموں میں تحریک پاکستان کی چنگاری کو شعلہ بنانے میں پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کا بہت بڑا کردار ہے۔ اسی کردار کی ایک جھلک اقبال میموریل ہائی سکول گوہد پور مراد پور کے اساتذہ اور طلباءکے زبردست جلسوں جلوسوں، نعروں اور قید و بند کی صعوبتوں میں نظر آتی ہے۔ تحریک پاکستان زوروں پر تھی۔ سیالکوٹ میں محمد اقبال چیمہ اور خواجہ محمد صفدر مسلم لیگ کے بڑے لیڈر تھے کالج اور سکولوں کے نوجوانوں نے انکی سربراہی میں ملک خضر حیات ٹوانہ یونینسٹ پارٹی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے خلاف مہم چلائی یہ مہم قریہ قریہ گاﺅں گاﺅں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ ہمارے علاقہ کے کالج کے طلباءاور ہمارے سکول کے ہیڈ ماسٹر چودھری لال دین احمد، چودھری عبدالکریم (بعد کے بریگیڈئر ریٹائرڈ) ظفر اقبال (جو مجلسِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور کے رکن بھی ہیں) نوجوان ایتھلیٹ محمد صادق (بوٹی) پرویز احمد ہمارے سکول کے پی ٹی آئی محمد اسحاق کے علاوہ علاقہ کے لاتعداد پڑھے لکھے حضرات اور نوجوان شامل تھے۔ یہ 1946ءکے انتخابات کا زمانہ تھا میں اُس وقت آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا۔ یہ سکول جو میرے والد صاحب اور اُن کے دوستوں چودھری عبدالکریم اور چودھری محمد اکبر مراد پوری کی سربراہی میں علامہ اقبال کی یاد میں قائم ہوا تھا۔ (جاری)
اسرائیلی جہاز پر اگر کوئی پاکستانی موجود ہے تو اسے برادرانہ ...
Apr 15, 2024 | 14:30