لکی مروت: پولیس کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، نوشہرہ ایکسائز سکواڈ پر فائرنگ، 2 کانسٹیبل، ڈرائیور شہید

Apr 14, 2025

اسلام آباد +پشاور+ نوشہرہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) لکی پولیس نے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ زخمی ہونے والے متعدد دہشت گرد فرار ہوگئے۔ پولیس سٹیشن تاجوری کی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی کو بھانپتے ہوئے مقامی پولیس اور امن کمیٹی نے انکا پیچھا کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی جواد اسحاق کی سربراہی میں پولیس کے دستے، سی ٹی ڈی اور خصوصی کوئیک رسپانس فورس نے جائے وقوعہ پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا جس میں مقامی امن کمیٹی اور مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران سٹیشن تاجوری اور برگئی کی حدود خانخیل مندزئی میں واقع جنگل میں 20 سے 25 دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، دو گھنٹے جاری رہنے والی اس لڑائی میں دونوں اطراف سے بھاری اسلحہ استعمال کیا گیا۔ پولیس نے انتہائی بہادری سے لڑتے ہوئے بغیر کسی قسم کا نقصان اٹھائے کراس فائر میں 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور کئی کے زخمی ہوکر فرار ہونے کی اطلاعات پر علاقے میں سرچ آپریشن کے ذریعے انکا پیچھا جاری ہے۔ نوشہرہ جی ٹی روڈ تاروجبہ کے قریب گاڑی روکنے پر ایکسائز پٹرولنگ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے افتخار کانسٹیبل اور مجاہد کانسٹیبل موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ڈرائیور انسپکٹر شبیر کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جو جانبر نہ ہو سکا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سب انسپکٹر فاروق کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ محکمہ ایکسائز اینٹیلی جنس ٹیم کے شہید دو اہلکاروں سمیت ڈرائیور کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی خیبر پی کے ذوالفقار حمید، سی سی پی او قاسم خان اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت ایکسائز حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کر دی گئی، جنازہ میں ایکسائز اور پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ ایکسائز حکام کے مطابق ایکسائز اہلکاروں کو نامعلوم ملزموں نے نوشہرہ کی حدود میں فائرنگ کرکے نشانا بنایا، شہید ہونے والوں میں ایکسائز کانسٹیبل مجاہد خان، ایکسائز کانسٹیبل افتخار اور ڈرائیور شبیر شامل ہے۔ ایکسائز اہلکاروں پر فائرنگ چیف سیکرٹری خیبر پی کے نے رپورٹ طلب کر لی۔علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان لوئر تحصیل وانا کے علاقے توئی خلہ میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے ایک پولیس اہلکار کے گھر پر حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق، حملے کے نتیجے میں پولیس کی جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے واقعے کی باضابطہ تصدیق یا تردید تاحال نہیں کی ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں کامیاب سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن پر خیبرپی کے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ نوشہرہ میں محکمہ ایکسائز کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ فائرنگ سے شہید ہونے والے 2 ایکسائز اہلکاروں اور ڈرائیور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں