پشاور+ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ +نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار ) آئی جی خیبرپی کے پولیس ذوالفقارحمید نے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک اور بنوں کینٹ پر حملوں میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ جاری بیان کے مطابق آئی جی کے پی ذوالفقارحمید بتایا کہ دونوں کیسز میں اہم شواہد ملے ہیں، دونوں واقعات سے متعلق کئی افراد کو حراست میں لیا ہے۔ذوالفقار حمید نے بتایا کہ مزید گرفتاریوں کے بعد تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خود کش حملے میں سربراہ جے یو آئی(س) مولانا حامد الحق سمیت 6 افراد شہید ہوئے تھے جبکہ بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے میں سکیورٹی فورسز نے16 خوارج کو جہنم واصل کیا تھا جبکہ مقابلے میں فورسز کے6 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔ دوسری طرف سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پی کے عوام نے فتنہ الخوارج کیخلاف شدید مزاحمت کا آغاز کر دیا۔ گزشتہ رات دہشتگردوں نے ڈی آئی خان کے سرحدی گاؤں میں گھسنے کی کوشش کی۔ بارہ دیہاتیوںنے فوری ردعمل دیا اور دہشتگردوں کو بھاگنے پر مجبور کیا۔ ڈیرہ غازی خان میں پنجاب اور خیبر پی کے کے سرحدی علاقے کے قبائل نے خوارجی دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیل کے مطاق ڈی جی خان کے قبائلی علاقے باجھہ میں عمائدین کا جرگہ ہوا۔جرگے میں عمائدین نے فیصلہ کیا کہ باجھہ کے لوگ اپنے علاقے کی حفاظت کریں گے،50 افراد پر مشتمل لشکر دن اور 50 افراد رات کو پہرہ دیں گے۔جرگہ عمائدین کا کہنا تھا خوارجی دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے تعاون سے علماء کرام و مشائخ کا گرینڈ امن جرگہ ہوا جس میں فتتہ الخوارج کے خاتمے کیلئے پاک فوج کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان ہوا۔ شرکاء نے پاک فوج، سکیورٹی فورسز اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل نیک نام نے بطور مہمان خصوصی جرگہ میں شرکت کی۔
اکوڑہ خٹک، بنوں دہشت گردوں کا نیٹ ورک پکڑا گیا، کئی گرفتار: آئی جی خیبر پی کے
Apr 14, 2025