اقتصادی تعاون تنظیم کے سفیروں کا دورہ لاہور‘ اجلاس‘ ’’ای سی او کیپٹل ٹورازم‘‘ کا فیصلہ ہو گا

Apr 14, 2025

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے رکن دس ممالک کے سفیر گزشتہ روز خصوصی دعوت پر لاہور پہنچے۔ ایئرپورٹ کو استقبالی بینرز اور ای سی او رکن ممالک کے قومی پرچموں سے مزین کیا گیا۔ وفد وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی دعوت پر لاہور پہنچا۔ وزیر زراعت پنجاب، سید عاشق حسین کرمانی نے ہوائی اڈے پر مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ پاکستان  میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ای سی او وفد کو گلدستے پیش کیے۔ ای سی او کی مستقل مندوبین کونسل کا 294 واں اجلاس پنجاب حکومت کی میزبانی میں لاہور کے سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں 2027 کے لیے 'ای سی او کیپٹل ٹورازم' کے اعزاز کا فیصلہ کیا جائے گا، جس کے لیے لاہور ایک نمایاں امیدوار کے طور پر زیر غور ہے۔ ای سی او میں شامل ممالک میں ترکیہ، ایران، افغانستان، پاکستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ لاہور آمد کے موقع پر ای سی او سفراء شہر کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے، اور میلہ چراغاں سمیت مختلف ثقافتی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ ان کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے اور سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ وفد نے اپنے لاہور کے دورے کے موقع پر ارفع ٹاور میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کا دورہ کیا۔ پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر جنرل وقار نعیم قریشی نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں پی آئی ٹی بی کے اہم منصوبوں اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 10 رکن ممالک پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، لاہور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وفد میں 25 سے زائد سفیروں اور نمائندگان نے شرکت کی، جس کی قیادت ای سی او کے سیکرٹری جنرل، ریٹائرڈ اسد مجید خان نے کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹی محمد احسن یونس نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے شہر کے اہم سیاحتی و تاریخی مقامات کی لائیو مانیٹرنگ کا مشاہدہ کیا۔

مزیدخبریں