پاکستان مضبوط قوم و فوج رکھتا ہے، اسرائیل کی جرأت نہیں حملہ کرے: طاہر اشرفی

Apr 14, 2025

 لاہور (آئی این پی )چیئرمین پاکستان علما کونسل و صدر وفاق المدارس و جامعات دینیہ پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان مضبوط قوم و فوج رکھتا ہے اسرائیل کی جرات نہیں پاکستان پر حملہ کرے، اسرائیل بھارت سے مل کر بلوچستان اور کے پی میں سازشیں ہی کر سکتا ہے،پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، امت مسلمہ متحد ہو جائے تو فلسطین آج آزاد ہو سکتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ طاہر اشرفی نے  کہا کہ دین اسلام کا مطلب سلامتی ہے، جس دین کا آغاز سلام سے ہو وہ دہشت گردی کا درس کیسے دے سکتا ہے، معاشرے میں عدم برداشت کا رویہ ہے، پاکستان 1978 سے اب تک حالت جنگ میں ہے۔طاہر محموداشرفی نے کہا کہ کلمہ کی بنیاد پر بننے والی ریاست نے ہی مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا، دہشت گردی کی جنگ مسلط کی ہی خون دے کر، پاکستان زندہ باد کہا ہے، گریٹر اسرائیل پلان کا حصہ ہے شام لبنان یمن ترکی و سعودی عرب پر حملہ کررہا ہے تو اسے صرف اتحاد سے روکا جا سکتا ہے۔طاہر محموداشرفی کا  کہنا  تھا کہ سچ بڑا تلخ ہے چھتیس اسلامی ممالک ہیں جس کے اسرائیل سے تعلقات ہیں تین نے اپنے سفیر واپس بلائے ہیں، حق اس کو ملتا ہے جو قانون کو مانتا ہے۔ انہوں نے کہا    پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔  کرتار پور پاکستان میں مذہبی رواداری کی زندہ مثال ہے۔ قادیانی اپنے آپ کواقلیت تسلیم کریں پھر حقوق ملیں گے، قادیانی نہ آئین نہ قانون نہ دستور کو مانتے ہیں، پاکستان میں تمام غیر مسلموں کو مکمل آزادی ہے، توہین رسالت پر غلط مقدمہ ہوگا تو ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ طاہر محموداشرفی نے مزید   کہا کہ فلسطین کی آزاد و خود مختار ریاست ہوگی تو پھر ہم ادھر نہ مسیحیوں کو وہاں روکیں گے اور نہ ہی یہودیوں کو روکیں گے، پاکستان کی ایک انچ زمین پر  دہشت گردی کو اور نہ ہی دشمن تخریب کے نشان کو برداشت کریں گے، فلسطین بھی ہمارا ہے اور غزہ بھی ہمارا ہے اس کے ایک زرہ پر بھی کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

مزیدخبریں