بلاول نے پی ڈی ایم کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر سیاسی نابالغ ہونے کا ثبوت دیا:اظہر قیوم ناہرا
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ نوائے وقت) بلاول زرداری نے پی ڈی ایم کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر سیاسی نابالغ ہونے کا ثبوت دیا ہے پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے عہدوں سے مستعفی ہونے کے ساتھ اس کے ووٹوں سے جیتی ہوئی سینٹ کی سیٹ سے بھی استعفاء دے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماء چوہدری اظہر قیوم ناہرا ایم این اے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کامیابی کی منازل طے کرتی ہوئی اپنے مقاصد حاصل کر رہی تھی لیکن ''زرداری صاحبان'' نے سلیکٹڈ بننے کی بیتابی میں کسی کے اشارے پر عوامی خواہشات کا گلا گھونٹا ہے جس کی انہیں یقیناً عام انتخابات میں قیمت ادا کرنا ہو گی جبکہ بلاشبہ قائد میاں محمد نواز شریف کا بیانیہ ''ووٹ کو عزت دو'' ایک توانا عوامی آواز بن چکا ہے جس کا ثبوت مرکز اور صوبے میں حکمران ہونے کے باوجود نیازی ٹولے کی جلا وطن نواز شریف کے ہاتھوں این اے 75 میں عبرت ناک شکست ہے۔