وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے عوام بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کمر کس لی ہے، ماہ صیام کے آغاز سے پہلے ہی 7 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی جس کے بعد معیاری اشیا کی سستے داموں فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں 313رمضان بازار سج گئے ہیں جہاں کم آمدنی والے افراد کو مختلف اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے تمام افسروں کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کے دفاتر میں مرکزی کنٹرول روم بھی فعال ہو چکا ہے۔ عوام کو ریلیف صرف رمضان بازاروں کی حد تک نہیں دیا جا رہا بلکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے بھی ہر ضلع کی سطح پر ٹیمیں متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔ ذخیرہ اندوزوں کے خفیہ گوداموں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بالخصوص چینی کی ذخیرہ اندوزی پر پنجاب حکومت کی پالیسی زیرو ٹالرنس کی ہے۔
مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ حکومتی اقدامات کی بدولت سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں حالیہ عرصے کے دوران استحکام آیا ہے لیکن اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ عوام کے حقوق کا استحصال کرنے والوں کو سخت سزائیں دینا ہوں گی ورنہ یہ اسی طرح اپنی جیبیں بھرتے رہیں گے۔ پنجاب کے طول و عرض میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں روزہ داروں کی سہولت کے لئے تمام اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ اس طرح وہ اچھے ماحول میں ایک چھت تلے خریداری کر سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے لگائے گئے رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں مل رہا ہے۔ حکومت ماہ مقدس میں سستے آٹے کی فراہمی پر 3 ارب 70 کروڑ روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ یہ ایک بہت بڑا ریلیف اور عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ آٹے کے ہر تھیلے پر صارف کو 150 روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ کورونا وبا کے تناظر میں معیشت پر منفی اثرات زائل کرنے کے لئے یہ ایک بروقت فیصلہ ہے جس کا سہرا وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے سر ہے۔ چینی کی وافر مقدار بھی رمضان بازاروں میں دستیاب ہے۔ رمضان بازاروں میں چینی کی فراہمی 65 روپے فی کلو جبکہ عام مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اسی طرح گھی، مرغی کا گوشت اور انڈے عام مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے فی کلو کے حساب سے رعایتی نرخوں پر فروخت کئے جا رہے ہیں۔ ان کے علاوہ رمضان بازاروں میں سبزیاں، پھل، دالیں، بیسن اور دیگر اشیاء 2018 کے نرخوں پر دستیاب ہیں۔ 3 سال پرانے نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت پی ٹی آئی حکومت کا غریب دوست اور مستحسن اقدام ہے جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو دعائیں دے رہے ہیں۔
جیسا کہ پہلے بھی بتایا گیا ہے کہ رمضان بازاروں میں صارفین کو خریداری کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہے۔ روزے کے باعث پنکھوں، کرسیوں کے ساتھ فرسٹ ایڈ کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزرائے کرام، ارکان اسمبلی اور سیکرٹریوں کو مختلف اضلاع الاٹ کئے ہیں۔ یہ سب وہاں کے اچانک دورے کرکے معیاری سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیں گے۔ رمضان بازاروں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی کے لئے ماسک لازمی استعمال کریں اور کسی سٹال پر زیادہ رش بھی نہ بنائیں۔ سماجی فاصلے کا خیال رکھ کر ہم اس جان لیوا بیماری سے بچ سکتے ہیں۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت عام آدمی کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے کوشاں ہے۔ رمضان بازاروں کے علاوہ ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام کے تحت موبائل لنگر بھی اپنا کام شروع کر چکے ہیں۔ جس حکومت میں غریب پروری کا یہ جذبہ موجود ہو اس کی تحسین میں کنجوسی سے کام نہیں لینا چاہئے۔ نیکی کے کام کی ویسے بھی تشہیر کرنی چاہئے تاکہ دوسروں کو بھی ترغیب مل سکے۔ یہ بات واضح ہے کہ پنجاب حکومت صوبے سے مہنگائی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ کسی کو من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بہتر ہے کہ ناجائز منافع خوری کرنے والے خود باز آجائیں ورنہ یاد رکھیں کہ ان کا ٹھکانہ جیل ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اتنا بڑا رمضان پیکیج دے کر عوام کے دل جیت لئے ہیں۔
٭…٭…٭
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38