فیروز وٹواں: رسم حنا کی تقریب میں فائرنگ‘ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق
شیخوپورہ/ فیروزوٹواں/ نواں کوٹ/ بھکھی (نمائندہ نوائے وقت/ نمائندہ خصوصی/ نامہ نگاران) مکی روڈ پر واقع ایک سیاسی شخصیت کے ڈیرے پر رسم حنا کی تقریب میں گولیاں چل گئیں۔ فائرنگ کے نتیجہ میں 15 سالہ بچے سمیت2 افراد جاں بحق‘1 شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے دولہا سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 2 کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ جھلار لاگر میں زمیندار جگدے خان کی رسم حناء کی تقریب جاری تھی کہ اچانک امجد وٹو، توکل وٹو، دولہا جگدے خان، یاسر اور رائے زاہدی وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے مجرہ میں شراب کے نشہ میں دھت ہو کر خود بھی ناچنا شروع کردیا، مقتول عاطف نے انہیں منع کیا تو ملزم یاسر وٹو نے سیدھی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں عاطف اور 15 سالہ اظہر گولیاں لگنے سے جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا جسے مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ بھکھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یاسر اور ڈیرے کے مالک امجد وٹو کو گرفتارکرلیا ہے۔ طفیل کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو کے ایمرجنسی میں منتقل کردیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد اسے لاہور کے ہسپتال میں ریفر کردیا گیا ہے۔ بھکھی پولیس نے مقدمہ مدعی کاشف کی تحریری درخواست پر کارروائی شروع کر دی ہے۔