واقعہ معراج اللہ تعالیٰ کی قدرت کا شاہکار ہے: میاں جمیل
لاہور (خبر نگار) واقعہ معراج اللہ تعالیٰ کی قدرت کا شاہکار ہے، عقل و فہم اس کا احاطہ نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ذوالجلال نے شب معراج کو ہی حضور نبی کریمؐ کو امامت انبیاء کرامؑ کا تاج پہنایا پھر سدرۃ المنتہیٰ پر لے جا کر اپنی شان و عظمت دکھائی۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ معراج النبیؐ کی بلادلیل اور بلاتامل و تردد تصدیق کرنے والے کو بھی اللہ تعالیٰ نے شان و عظمت عطا کر دی اور ان کو تاقیامت صدیق بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ انبیاء کی امامت بھی خاتم النبین ہونے کی دلیل ہے۔ میاں محمد جمیل نے مسلمان حکمرانوں کی بے حسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ مسجد اقصیٰ جہاں حضور نبی کریمؐ نے تمام انبیاء کرامؑ کی امامت کرائی وہ آج یہودیوں کے قبضے میں ہے وہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کرتے ہیں اور مسجد اقصیٰ میں انبیاء کی امامت کرانے والی شان و عظمت والی ہستی حضور نبی کریمؐ کی امت کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام فروعی، فقہی اختلافات کو ختم کرکے قبلہ اول کی آزادی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر آئے۔