پاک چائنہ پوائنٹ چیمبر کا اجلاس، چینی وفد کی توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے تشکیل دینے میں اظہار دلچسپی
لاہور (کامرس رپورٹر)پاک چائنہ جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران چینی وفد نے توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے تشکیل دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ وفد کی سربراہی مس جو جنگ نے کی۔ وفد میںچائنہ کونسل آف انٹرنیشنل ٹریڈ کے چیئرمین مسٹر لی چینگ اور فارن اور اوورسیز افیرز آف جنان مسٹر لی چن ودیگر سرکاری حکام بھی شامل تھے۔ پاک چائنہ چیمبر کے صدر ایس ایم نوید اور سینیر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر اقبال قریشی نے چینی مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔ وفد نے سی پیک منصوبوں کی کامیابی کے لیے متعدد پروپوزل پیش کئے اوربنیادی طور پر ایس ایم ای سے منسلک چینی نجی شعبوں کو فروغ دینے کے لیے پاک چائنہ چیمبر کے ساتھ اشتراک ظاہر کیا۔ اجلاس کے دوران پاک چائنہ چیمبر کے سینیر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر اقبال قریشی نے ترکی کی ایک رپورٹ پیش کی جس کے مطابق پاکستان کے علاقوں خاص طور پر خیبر پختونخواہ، گلگت، بلتستان، بلوچستان اور کشمیر میں موجود گرم چشموں کے وسیع وسائل سے 10,000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا عندیہ دیا اور بتایا کہ یہ چشمے جوڑوں اور جلد کی مختلف امراض کے علاج کے لئے بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر اقبال قریشی نے ممبران کو بتایا کہ گرم چشموں کے یہ ذخائر نہ صرف گھروں کی ائرکنڈشننگ میں مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں بلکہ ان ذخائر کا درست استعمال پاکستان کے ان حصوں میں تفریحی مقامات کی ترقی میں بھی کام آ سکتا ہے۔ اس منفرد خیال کو تسلیم کرتے ہوئے مس ژوجنگ نے اس معلومات کو تمام متعلقہ افراد میں تقسیم کرنے کا عہد کیا۔