شب معراج‘ راولپنڈی شہر اور کینٹ کی مساجد میں روح پرور اجتماعات
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) شہر اور کینٹ میں شب معراج کے موقع پر مساجد میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ جامع مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں علماء وخطباء نے واقعہ معراج پر روشنی ڈالی‘ زونل خطیب مولانا محمد اقبال رضوی نے مرکزی جامع مسجد حنیفہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دور حاضر کی سائنسی ایجادات نے واقعہ معراج اورمعجزات وکمالات نبوت کی مہر تصدیق مثبت کر دی ہے۔ معراج کی رات اللہ تعالیٰ نے حضورؐ کو نماز کا تحفہ دیا اس لیے حضورؐ کے نام لہواؤں اور محبت کا دعویٰ کرنے والوں کو نماز پنجگانہ باقاعدگی سے ادا کرنی چاہیے۔