پاکستان چین میں دیرپادوستانہ تعلقات کی بنیاد باہمی رواداری ، خلوص پر مبنی ، کئی شعبوں میں تعاون موجودہے : سربراہ چینی فضائیہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ’’آپ پاک فضائیہ کے مستقبل کے معمار ہیں جو اپنی لگن سے اسے دنیا کی بہترین فضائیہ بنائیں گے‘‘۔ یہ بات چین کی پیپلز لبریشن آرمی ائیرفورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں 139ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 85 ویں انجینئرنگ، 95 ویں ائیر ڈیفنس، 20 ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز اور چوتھے لاجسٹکس کورسزکی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چین کی پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کے کمانڈر اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ معزز مہمان کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجا ہد انور خان نے ان کا خیر مقد م کیا۔مہمان خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا مجھے امید ہے کہ آپ چینی فضائیہ کے نوجوان افسران کے ساتھ مل کر دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر یں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے آغاز سے ہی ہم نے بہترین دوستی اور تعاون کی بنیاد رکھی۔ ہمارے دیر پا دوستانہ تعلقات کی بنیاد باہمی رواداری اور خلوص پر مبنی ہے باہمی دوستانہ روابط کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔ فضائی افواج کے مابین بڑھتا ہوا عسکری تعاون ہمارے دوستانہ تعلقات کا ایک اہم جز ہے۔ حالیہ عرصے میں پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ نے آپریشنل کمانڈ، مشترکہ مشقوں، تربیت، سامان کی ترسیل، ہتھیار اور جنگی آلات کے معاملات میں بھرپور تعاون کونئی منزلوں سے روشناس کروایا ہے۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ مہمان خصوصی نے نمبر 4سکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپئن سکواڈرن ہونے پر قائداعظم بینر سے نوازا۔ ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر افسر امیر حمزہ نے فلائنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی اور کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر حاصل کی۔ انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ حمزہ حسین جبکہ کالج آف ائیروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ سکواڈن انڈر افسر فرخ اقبال نے حاصل کی۔ 95 ویں ائیر ڈیفنس کورس میں ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ سروش عارف نے بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ ولید حسن نے 20ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیزکورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی۔ ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ احسن احمد نے لاجسٹک کورس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی۔ جنر ل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ٹرا فی ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر افسر محمد کامران نے حاصل کی۔ اس تقریب میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام ، غیرملکی عہدیداران اور گریجویٹ ہونے والے ایوی ایشن کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں سربراہ چینی فضائیہ لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے چینی فضائیہ کے سربراہ کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔ ملاقات میں چینی سفیر اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔