رواں ہفتے 21اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ‘ جوتے بھی مہنگے ہو گئے: ادارہ شماریات
لاہور(کامرس رپورٹر)کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا اور ایک ہفتے کے دوران 21 اشیا کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جوتے بھی مہنگے ہو گئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مارکیٹ میں چاول، گھی، خوردنی تیل، چینی، دال ماش، دال چنا، گوشت، چائے اور چکن کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، کپڑا، لیڈیز سینڈل اور جینٹس چپل بھی مہنگی ہو گئی۔ گزشتہ چند ہفتوں سے ہونے والی مہنگائی کے باعث مارکیٹ میں کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی 53 بنیادی اشیا میں سے 34 اشیا گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں مہنگی ہو چکی ہیں۔مٹی کا تیل گزشتہ سال سے 46 فیصد، پیٹرول اور ڈیزل 16 فیصد مہنگا جبکہ جوتوں کی قیمت میں تقریباً دو سال بعد اضافہ دیکھا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اپریل کے دوسرے ہفتے کے دوران مجموعی طور پر ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح صرف 0.29 فیصد رہی۔