آبپاشی، پراپرٹی انویسٹمنٹ: ایشیائی بنک 375 ملین ڈالر دیگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بنک اور حکومت پاکستان نے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت اے ڈی بی دو مختلف منصوبوں کیلئے 375 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ ایک منصوبے کے تحت آبپاشی کی سروسز کو بہتر بنایا جائے گا اور پنجاب میں پبلک پراپرٹی انویسٹمنٹ کو بڑھایا جائے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امور سید غضنفر عباس جیلانی نے دستخط کئے۔ جلال پور آبپاشی پراجیکٹ کے تحت خریف کیلئے پانی کی دستیابی کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس سے خوشاب اور جہلم کے اضلاع مستفید ہوں گے۔ 68 ہزار ایکڑ اراضی جو اس وقت بارش پر انحصار کرتی ہے مستفید ہو سکے گی۔ 3 لاکھ 84 ہزار افراد کو اس سے فائدہ ہو گا۔