نیلم جہلم منصوبہ انجینئرنگ کا ایک شاہکار ہے: خوا جہ آصف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اپنی سابق وزارت سے قلبی تعلق منقطع نہیں کیا اور نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ کے افتتاح پر انہوں نے کہا ہے کہ پن بجلی کا یہ منصوبہ کئی دہائیوں سے تاخیر کا شکار رہا جسے پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے مکمل کیا ہے، اس بجلی گھر سے 969میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف جو سابق وزیراعظم نواز شریف کی کابینہ میں وفاقی وزیر پانی و بجلی تھے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آج نیلم جہلم پن بجلی گھر کا افتتاح کردیا ہے ، الحمد اللہ یہ منصوبہ انجینیئرنگ کا ایک شاہکار ہے جس میں 68کلومیٹر سرنگیں دریائے نیلم کے پانی کو پہاڑوں کے اندر سے لیجاتے ہوئے دریائے جہلم میں دو سو میٹر آگے ڈالیں گی۔