بدعنوان عناصر کے احتساب کے بغیر ترقی ممکن نہیں،میاں مقصود
ملتان(نامہ نگارخصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک میں احتساب کی راہ ہموار ہوچکی ہے ۔کرپٹ عناصر کا کڑا احتساب وقت کا اہم اور ناگزیر تقاضا ہے ۔جب تک ملک میں طاقت ور طبقے کا احتساب نہیں ہوگا تب تک کسی بھی قسم کی بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی۔ملک کو لوٹنے والے دیگر کرپٹ عناصر کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔بدعنوان اور کرپٹ عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کا بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر مسائل کی دلدل سے نکلنا مشکل ہے۔ملک وقوم کو سب سے زیادہ نقصان کرپشن زدہ حکمرانوںنے پہنچایا ہے ۔قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانیوالوں کا احتساب شروع ہوچکا ہے۔احتسابی عمل کے شروع ہونے سے نہ صرف ملکی جمہوریت اور ادارے مضبوط ہوں گے بلکہ شفاف احتساب سے ملک کو کرپشن جیسی لعنت سے بھی نجات مل سکے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل بڑھتے جارہے ہیں جبکہ حکمرانوں کی ساری توجہ لوٹ مار کرنے پر مرکوز ہے۔