ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے 6 ارب ڈالر کی وصولی متوقع ہے: ہارون اختر
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے ریونیو و وفاقی وزیر ہارون اختر نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں عوام کو ناامید نہیں کرے گی،ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے 5 سے 6 ارب ڈالر کی وصولی متوقع ہے جس سے حسابات جاریہ کے خسارہ کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور پاکستان کو آئی ایم ایف سمیت کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی،حکومت آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کرنے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے بجٹ میں عوام کو ناامید نہیں کریں گے،ہم بجٹ پیش کر سکتے ہیں،تاہم حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر اس کی مشاورت سے بجٹ کی تیاری پر توجہ دے رہی ہے۔جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ووفاقی وزیر ہاروں اختر نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں قرعہ اندازی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس آڈٹ سے استثنیٰ کیلئے سیکشن 214 ڈی میں ترمیم فوج یا کسی دوسرے ادارے کے دباو میں آ کر نہیں کی جارہی ہے آڈٹ کے حوالے سے فوج کی سپورٹ حاصل رہی ہے،فوجیوں کے آڈٹ میں منتخب ہونے کے بعد انہوں نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو ایف بی آر سے سمجھ رہی ہے اور تعاون کررہی ہے۔