سندھ اسمبلی :یونیورسٹی ایکٹ منظور : اپوزیشن نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں ‘ واک آئوٹ
کراچی(صباح نیوز)سندھ اسمبلی نے گورنر سندھ کے اعتراضات اور اپوزیشن کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے یونیورسٹی ایکٹ کو دوبارہ منظور کرلیا ہے۔سندھ کی جامعات سے گورنر کے اختیارات وزیر اعلی کے سپرد کرنے اور داخلہ پالیسی اور انتظامی معاملات میں سندھ حکومت کی مداخلت پر اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم مداخلت نہیں معاملات کو بہتر بنا رہے ہیں۔ یونیورسٹیز میں تعلیمی نظام کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ اپوزیشن کا بس نہ چلا تو بل کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان سے واک آٹ کرگئے۔تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں سندھ حکومت کی بدعنوانی پر تحریک التوا پیش کی تو سپیکر سے شدید جھڑپ ہوئی۔