ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے: کمشنر
ملتان(نامہ نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق یکم اپریل کے بعد سے کسی بھی نئے منصوبے کی منظوری نہیں دی جائے گی۔ تمام جاری سکیموں کو ڈپٹی کمشنرز خود مانیٹر کریں اور ٹائم فریم کے اندر مکمل کروائیں۔مکمل ہوجانے والے منصوبوں کا پی سی 4متعلقہ ادارے کمشنر آفس میں جمع کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔بلال احمد بٹ نے ہدایات جاری کیں کہ سکیموں میں معیاری میٹریل کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ناقص میٹریل کے استعمال اور منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے عوام کا پیسہ ضائع ہوتا ہے ،جس کے لئے تمام افسران جواب دہ ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق بخاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان ڈویژن کی سالانہ ترقیاتی سکیموں کی 988سکیموں میں 70فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ اب تک 31 ملین میں سے 20 ملین خرچ کئے جا چکے ہیں۔طارق بخاری نے بتایا کہ وزیراعظم ترقیاتی سکیموں کی فیز ون میں 3591سکیموں پر کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران جبکہ ویڈیو لنک پر ملتان ڈویژن کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔