مفتی ہدایت اللہ پسروری انتقال کرگئے، نماز جنازہ آج ہوگی
ملتان( نامہ نگار خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اورعلامہ شاہ احمد نورانی کے قریبی ساتھی دارلعلوم ہدایت القرآن ملتان کے بانی ومہتمم مفتی ہدایت اللہ پسروری 78برس کی عمر میں نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ آج ہفتہ 2بجے دن جامعہ ہدایت القرآن ممتاز آباد ملتان میں ادا کی جائے گی۔ مفتی ہدایت اللہ پسروری 1940میں ضلع گرداس پورکی تحصیل نور پور (انڈیا) میں پیداہوئے۔ 1970 میںجمعیت علماء پاکستان سے وابستہ ہوئے اور آخری دم تک نظام مصطفی کے نفاذ اور مقام مصطفی کے تحفظ کی جدوجہد کرتے رہے۔ تحریک ختم نبوت اور تحریک نظام مصطفی میں ہر اول دستے کا کام کیا۔ آپ نے سوگواران میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور تین بیٹیاں چھوڑیں۔ آپ کے انتقال پرجمعیت علماء پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی، سینئر نائب صدر صاحبزادہ قاری احمد میاں نقشبندی جے یو پی کے سیکرٹری شاہ اویس نورانی، علامہ قاری زوار بہادر، ڈاکٹر جاوید اعوان، محمد ہاشم صدیقی، محمد ایوب مغل، حافظ نصیر نورانی، ارشد اقبال نیازی، پروفیسر اختر انصاری، ڈاکٹر اشرف قریشی ودیگر نے آپ کی وفات پر انتہائی گہرے دکھ کر اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مفتی ہدایت اللہ پسروریؒ کا خلاء مدتوں پورا نہ ہوسکے گا۔ آپؒ اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے۔