تر کی : گولن سے روابط پر مزید 70 فوجی افسروں کی گرفتاری کا حکم
انقرہ(آئی این پی)ترکی نے فتح اللہ گولن سے مبینہ روابط کے الزام میں 70حاضر سروس آرمی افسران کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے۔گرفتاری کے لئے ترک پولیس نے بیک وقت چونتیس صوبوں میں کارروائی شروع کر دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک دفتر استغاثہ نے امریکہ میں مقیم ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے مبینہ روابط کے الزام میں ستّر حاضر سروس آرمی افسران کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ترک حکومت گولن پر سن 2016 میں ہوئی ناکام فوجی بغاوت کا الزام عائد کرتی ہے۔ ترک اخبار ملت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترک پولیس نے بیک وقت چونتیس صوبوں میں کارروائی شروع کی۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی پہلے گرفتار کیے گئے فوجیوں کے بیانات کی روشنی میں کی گئی ہے۔