محکمہ ڈاک کی پرائیویٹ برانچیں بند ہونے سے عوام کو مشکلا ت کا سامنا
لاوہ (نامہ نگار )محکمہ ڈاک کی پرائیویٹ برانچیں بند ہونے کی وجہ سے تحصیل ہیڈ کوارٹر لاوہ کی مضافاتی آبادیوں چکی شیخ جی، گوہل ، ڈھوک ببرال اور ڈھوک اصحاب وغیرہ کے عوام ڈاک بروقت وصول نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیںاور تاحال سابق برانچ ملازمین سے رابطہ کرنے اور متعلقہ خطوط اور رجسٹریاں ڈھونڈنے پر مجبور ہیں ریٹائرڈ حضرات اور طلباء نے پوسٹ ماسٹر جنرل اور وفاقی حکام سے گوہل اصحاب اور چکی شیخ جی کی برانچوں کی فوری بحالی کی پرزور مطالبہ کیا ہے باوثوق ذرائع کے مطابق22 مارچ 2018 کو محکمہ کی طرف سے پرائیویٹ برانچیں ختم کر دی گئی تھیں اور عوام علاقہ کے مطابق اس وقت سے تا وقت تحریر محکمہ ڈاک کا کوئی اہلکار ڈاک تقسیم کرتے متذکرہ دور دراز علاقوں میں کبھی نظر نہیں آیا لوگ اپنی ڈاک خود تلاش کرنے پر مجبور ہوتے ہیں خطوط کی بروقت ترسیل نہ ہونے کی وجہ سے بعض سرکاری محکموں کی طرف سے ارسال کیے جانے والے خطوط اور طلبا ء کی تعلیمی اداروں کے ساتھ بروقت خط و کتابت نہ ہونے کے سبب ان کا تعلیمی کیرئیر متاثر ہو سکتا ہے لہذا ان علاقوں کے عوام نے محکمہ ڈاک کے حکام بالا اور وفاقی حکام سے لاوہ کی دوردراز آبادیوں چکی شیخ جی اور گوہل اصحاب کی برانچوں کی فی الفور بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔