محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام راولپنڈی ڈویژن میں ’’چیچڑ مکائو ‘‘مہم کا آغاز
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)مویشیوں کو چیچڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام راولپنڈی ڈویژن میں ’’چیچڑ مکائو ‘‘مہم کا آغاز کر دیا گیا مہم کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ(توسیع ) پنجاب ڈاکٹر منصور احمداور ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے محکمہ کے دیگر افسران و مویشی پال حضرات کے ہمراہ گذشتہ روز کیا اس موقع پر نے ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ(توسیع ) پنجاب ڈاکٹر منصور احمدنے کہاکہ مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے ان کی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے ڈی جی لائیو سٹا ک ڈاکٹر منصور احمد نے مزید کہاکہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب صوبہ میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہاہے اور مویشیوں کو مختلف امراض سے بچائو کی خصوصی مہمات انہی اقدامات کا حصہ ہیں انہوں نے کہاکہ راولپنڈی ڈویژن میں مویشیوں کے چیچڑوں کے خاتمے کی خصوصی مہم کے دوران مویشی پال حضرات کو محکمہ کی ٹیمیں چیچڑوں کے خاتمے اور ان سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دیں گی اور مہم کے دوران ڈویژن بھر میں مویشیوں کے معائنہ اور چیچڑ سے متاثرہ مویشیوں کا علاج بھی کیا جائے گا ۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایاکہ راولپنڈی ڈویژن میں چیچڑ مکائو مہم کا آغاز یونین کونسل بجنیال کے گائوں دھمہ سے ملحقہ مویشی منڈی سے کیا گیا یہ مہم خصوصی طور پر شروع کی گئی ہے تاکہ مویشی پال حضرات صحت مند جانوروں کی افادیت سےآگہی حاصل کر سکیں اور ان احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں جن کی بدولت مویشیوں کی استعداد کار میں کمی کا باعث بننے والے چیچڑوں سے ان مویشیوں کو محفوظ رکھاجاسکے اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ارشد لطیف ارشد ،ڈپٹی ڈٖائریکٹر ڈاکٹر ساجدہ ،انچارج سول ویٹرنری ڈسپنسری دھمہ ڈاکٹر کاشف اور مویشی پال حضرات بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایاکہ چیچڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں میں چیچڑوں کا بخار ،رت موتر ا،کانگو بخار ،خون کی کمی ،حمل کا ضیاع اور خارش جیس بیماریاں شامل ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ چیچڑ مکائو مہم میں مویشیوں کو چیچڑوں سے بچائو کے ٹیکوں کے علاوہ ادویات کا سپرے بھی کیاجائے گا ۔چیچڑ مکائو مہم کے آغاز پر محکمہ کی موبائل ڈسپنسری کے ذریعے ماہر عملے نے مویشیوں کا چیک اپ بھی کیا اور مویشی پال حضرات میں مفت ادویات بھی تقسیم کیں۔