ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ چوہدری ممتاز حسین کا دورہ اڈیالہ جیل
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ چوہدری ممتاز حسین نے جمعہ کو اڈیالہ جیل کا دورہ کیا سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ عائشہ شبیر اور سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ بھی ان کے ہمراہ تھیں اڈیالہ جیل آمد پر سپرنٹنڈنٹ سعید اللہ گوندل نے فاضل جج صاحبان کا خیر مقدم کیا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ چوہدری ممتاز حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں خواتین وارڈ ، نوعمر وارڈ ، کچن اسیران اور بیرکس کا دورہ کیا اور اسیران سے ان کے مسائل معلوم کئے ٹیویٹا کی جانب سے اسیران کی ٹیکنیکل تعلیم کیلئے قائم ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں اسیران موٹر وائنڈنگ ، الیکٹریشن ، ویلڈنگ کی کلاسوں میں موجود تھے فاضل جج نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نوعمر وارڈ میں ویمن ایڈ ٹرسٹ اسلام آباد کے زیر انتظام چلنے والی الیکٹریکل ، ٹیلرنگ اور کمپیوٹر کلاسوں کا بھی معائنہ کیا جبکہ ٹیویٹا کی جانب سے ویمن وارڈ میں قائم ڈومیسٹک ٹیلنگ کلاس کا بھی جائزہ لیا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ چوہدری ممتاز حسین اور فاضل سول ججوں نے ملٹی میڈیا پر جیل میں اصلاحی پروگراموں ، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کے حوالے سے بریفنگ بھی لی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ایسٹ چوہدری ممتاز حسین نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں گرفتار دو اسیران کو ذاتی مچلکے پر رہاکرنے کا حکم صادر کیا اور جیل میں دی گئی سہولتوں پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی ۔