پناہ 34 سال سے دل کی بیماریوں کے خلاف جہاد کررہی ہے ‘ مسعود الرحمان کیانی
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن ( پناہ) کے سینئر فزیشن فورم کا اجلاس یہاں منعقد ہوا جس کی صدارت پناہ کے صدر ڈاکٹرمیجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی نے کی اور سرجن جنرل پاکستان آرمی‘ کمانڈنٹ اے ایف آئی سی کے علاوہ بہت سے آرمی اور سول کے سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ صدر پناہ میجر جنرل مسعود الرحمن کیانی نے کہاکہ پناہ پچھلے 34 سالوں سے پاکستان میں دل کی بیماریوں کے خلاف جہاد کررہی ہے اور دل کی بیماریوں کی بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے۔ پناہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے لیے کوشش کررہی ہے تاکہ دل کی بیماریوں پر قابو پایا جاسکے۔ 90 فیصد بیماریاں تمباکو نوشی کی وجہ سے ہورہی ہیں پاکستان میں روزانہ تقریباً 5000 لوگ دل کی بیماریوں اور تمباکو نوشی کے مضر اثرات کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہورہے ہیں اور تقریبا 300 افراد موت کے منہ میں جارہے ہیں سروے کے مطابق سگریٹ مہنگا کرنے سے اس کے استعمال میں خاطر خواہ کمی آئی ہے حکومت نے پچھلے سال کے بجٹ میں تمباکو کے ریٹ کم کر دئیے جس کی وجہ سے تمباکو نوشوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور دل کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ پاکستان FCTC کے مطابق بھی تمباکو پر ٹیکس بڑھانے کا پابند ہے ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے لوگوں کو بچایا جائے اور سگریٹ مہنگے کیے جائیں تاکہ ہم پاکستان اعوام کو دل کی بیماریوں سے بچا سکے سب ممبران نے اس بات کی تائید کی سرجن جنرل نے کہا کہ وہ سرجن جنرل آفس سے بھی گورنمنٹ کو لیٹر لکھ رہے ہیں اور سیکرٹری ہیلتھ کو بھی مل کر یہ معاملہ اٹھائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ آرمی کے سارے ہسپتالوں کو لیٹر بھی بھیجا جارہا ہے کہ وہاں نمائیاں بورڈ آویزاں کریں کہ یہاں سگریٹ پینا منع ہے اور خلاف ورزی کرنے والے کو سزا دی جائے گی۔