کرکٹ معاملات میں حکومتی مداخلت کو ختم کرناہو گا، احسان مانی
ممبئی(این این آئی)آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی نے کرکٹ میں حکومتی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔احسان مانی نے ایک بھارتی اخبار سے بات چیت میں کہاکہ اس وقت 2 اہم ترین ایشوز ہیں، آئی سی سی آئین کے تحت حکومتوں کو کسی بھی صورت میں کرکٹ معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے،دوسری چیز یہ ہے کہ اس وقت پی سی بی اور بی سی سی آئی میں تعلقات تاریخ کے کم تر درجے پر ہیں۔انھوں نے کہا کہ جب میں آئی سی سی کا سربراہ بنا تو اس وقت بھی پاکستان اور بھارت کئی برس سے آپس میں نہیں کھیل رہے تھے، تب دونوں جانب کے بورڈ آفیشلز کے ذاتی طور پر ایک دوسرے سے بہت ہی اچھے تعلقات تھے۔ اس وقت دونوں باڈیز میں موجود لوگ سختی سے اس بات پر کاربند تھے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی معاملات کو کسی بھی صورت میں کرکٹ پر اثر انداز نہیں ہونے دینا۔