حیدرآباد کے کھلاڑی بہترین پرفارمنس کیلئے تیار ہیں ،ایم ندیم
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سندھ گیمز کے لئے حیدرآباد کے دستے کے چیف ڈی مشن سید محمد ندیم نے کہا ہے کہ محکمہ کھیل نے گیمز کے لئے سندھ بھر کے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے اس لئے کھلاڑی محنت اور لگن کے ساتھ عمدہ پرفارم کرنے کے لئے خود کو تیار کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو حیدرآباد میں جاری مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی چیف ڈی مشن مریم کیریو،یٹری پرویز احمد شیخ ،کو آرڈی نیٹر خرم رفیع کے علاوہ متعدد ٹیموں کے کوچز اور آفیشلز بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر ،سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی ،ڈائرکٹر سندھ اسپورٹس بورڈ شہزاد پرویز بھٹی اور ارشاد مخدوم گیمز کے کامیاب انعقاد کے لئے دن رات مصروف عمل ہیں جو خوش آئند بات ہے ،مجھے امید ہے کہ حیدرآبا د کے کھلاڑی سندھ گیمز میں عمدہ کھیل پیش کریں گے ۔