احسان مانی کا کرکٹ میں حکومتی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ
ممبئی(آئی این پی) آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی نے کرکٹ میں حکومتی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔احسان مانی نے ایک بھارتی اخبار سے بات چیت میں کہاکہ اس وقت 2 اہم ترین ایشوز ہیں، آئی سی سی آئین کے تحت حکومتوں کو کسی بھی صورت میں کرکٹ معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے،دوسری چیز یہ ہے کہ اس وقت پی سی بی اور بی سی سی آئی میں تعلقات تاریخ کے کم تر درجے پر ہیں۔انھوں نے کہا کہ جب میں آئی سی سی کا سربراہ بنا تو اس وقت بھی پاکستان اور بھارت کئی برس سے آپس میں نہیں کھیل رہے تھے، تب دونوں جانب کے بورڈ آفیشلز کے ذاتی طور پر ایک دوسرے سے بہت ہی اچھے تعلقات تھے۔ اس وقت دونوں باڈیز میں موجود لوگ سختی سے اس بات پر کاربند تھے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی معاملات کو کسی بھی صورت میں کرکٹ پر اثر انداز نہیں ہونے دینا۔احسان مانی نے بتایا کہ آئی سی سی کا صدر بننے کے بعد میں نے بھارت کا دورہ کیا اور وہاں پر جگموہن ڈالمیا اور دیگرآفیشلز کے ہمراہ بہت سے بھارتی وزرا سے ملاقاتیں کیں، اسی طرح پاکستان کے اس وقت کے صدر جنرل مشرف سے بھی ملا، میں نے دونوں طرف کی حکومتوں کو پیغام دیا کہ بطور ایڈمنسٹریٹرز کھیل کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ سیاست دونوں ممالک کی کرکٹ کی نقصان پہنچائے۔ ہم اپنی کوششوں میں کامیاب ہوئے اور بھارت نے 2004 میں پاکستان کا دورہ کیا جو انتہائی کامیاب رہا۔