کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجروں کا احتجاج
کراچی (کامرس رپورٹر)لوڈشیڈنگ کے خلاف کراچی کے تاجرسڑکوں پر نکل آئے ۔کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف صدر کراچی میں اہم تجارتی مرکزدائو پوتا روڈ سمیت تاجر الائنس کے عہدیداران ،عائشہ منزل ،حیدری مارکیٹ ،ناظم آباداور شارع فیصل پر سراپا احتجاج رہے ،اس موقع پر تاجروں نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھارکھے تھے جس پر کے الیکٹرک کے خلاف نعرے درج تھے ۔دائود پوتا روڈ پر مظاہرے میں شریک تاجروں سے خطاب میں ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث نہ صرف کاروبار تباہ ہوچکے ہیں بلکہ شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرچکاہے ،مختلف علاقوں میں ہونے والے مظاہرے کی قیات تاجرالائنس کے رہنماحمیدالدین ،معراج احمد خان، سیدمحمد سعید ،عامرضیاء ،خورشید عالم،عمارابدانی ،محمد اسماعیل، سہل افضل، معراج قریشی ،حاجی محمداسماعیل اور دیگر تاجر رہنما ئوں نے کی،جن کا کہنا تھا کہ سخت گرمی کے عالم میں تنگ گلیوں او ر کچی آبادیوں میں مقیم بزرگ اور بیمار شہری اس وقت سخت ازیت کا شکار ہیں ،انہوںنے کہاکہ مارکیٹوں میں بجلی کی بندش اور اندھیرے کے سبب تاجروں کے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں ۔دریں اثناء بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہاہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی اور گیس کی کمی کا شدید بحران سامنے آیا ہے جس سے ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شدید متاثر ہورہے ہیں۔ صنعتکاراس صورتحال سے شدیدپریشان ہیں۔ صنعتوں کوایکسپورٹ آرڈرز میں تاخیر اور پروڈکشن میں انتہائی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور بے روزگاری کا شکار ہورہے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کیساتھ 10MMCFD کا معاہدہ ہونے کے باوجو دD 90 MMCFگیس فراہم کی جارہی ہے، جبکہ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ500میگا واٹ کے شارٹ فال کو ختم کرنے کیلئے ان کو 190MMCFDگیس درکار ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دونوں فریقوں کے مابین اس مسئلے کے حل کے لئے عملی کوشش کی اور وزیراعظم کو خطوط لکھے جو قابل تحسین ہے۔ وفاقی حکومت اس مسئلے کے فوری حل کے لئے اقدامات کرے۔