میچ فکسنگ دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کی ناکامی ہے:ذکا ء اشرف
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) سابق چیرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کی ناکامی ہے۔ میرے دور میں فکسنگ کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا۔ سپرلیگ کیلئے جس ہوٹل میں کھلاڑیوں کو ٹھہرایا گیا وہاں مہمانوں کی جانچ پڑتال کا کوئی نظام نہیں تھا، ہوٹل میں بکیز کی موجیں لگی ہوئی تھیں۔ سپاٹ فکسنگ پر کارروائی آئی سی سی کے کہنے پر ہوئی۔ فکسنگ کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جائیگی۔ بورڈ کا نظام خراب ہوچکا ہے جس کی بہتری کیلئے بہت محنت درکار ہے۔ مجھ سمیت کوئی بھی چیئرمین شپ لیتے ہوئے سوچے گا۔ میں نے سب سے پہلے بگ تھری کی مخالفت کی۔ برطانوی پارلیمنٹ نے بگ تھری کی قیام پر جائلز کلارک کو تنقید کا نشانہ بنایا، خود بی سی سی آئی کے عہدیداران بھی اب بگ تھری کے حق میں نہیں رہے، آسٹریلوی میڈیا نے بگ تھری پر انگلیاں اٹھادی ہیں۔ مجھ پر تنقید کرنے والے کرکٹ پنڈت بھی آج بگ تھری کی مخالفت کرنے پر مجبور ہیں۔