اے ڈی خواجہ کام جاری رکھیں سندھ ہائیکورٹ نے حکم امتناع میں 19 اپریل تک توسیع کردی
کراچی ( وقائع نگار ) سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو عہدے پر کام جاری رکھنے کے حوالے سے جاری حکم امتناع میں 19 اپریل تک توسیع کر دی۔ جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ پولیس عہدے سے ہٹانے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ پولیس کی تبدیلی کے حوالے سے جاری حکم امتناع ختم کرنے کی استدعا ایک مرتبہ پھر مسترد کر دی۔ درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی کی عدم موجودگی کی وجہ سے عدالت نے مزید سماعت 19 اپریل تک ملتوی کر دی۔ فیصل صدیقی کے معاون وکیل نے درخواست دائر کی کہ فیصل صدیقی سپریم کورٹ میں کسی مقدمہ کی پیروی میں مصروف ہیں۔ اس لئے عدالت پیش نہیں ہو سکتے جبکہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اپنا اپنا جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ 2002ءسے 2017ءتک 12 آئی جی سندھ پولیس تبدیل ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ آئی جی کا تقرر کرے۔ تین نام وفاق کو بھیجے جاتے ہیں اتفاق نہ ہونے پر مشاورت کی جاتی ہے۔ عدالت نے سماعت 19اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ آئندہ سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
اے ڈی خواجہ