ردالفساد‘ تونسہ اور قبائلی علاقے میں 6 دہشتگرد ہلاک‘ گوجرانوالہ سے 15گرفتار
لاہور(نامہ نگار+ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) آپریشن ردالفساد کے دوران قبائلی علاقہ لادن لند اور تونسہ میں 6دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ تونسہ میں مرنے والوں میں تحریک طالبان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ حافظ آباد میں سمگلر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لاہور میں رینجرز کے کرنل امجد ةذاقبال نے پولیس حکام کے ساتھ پریس بریفنگ میں بتایا کہ ڈی جی خان میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔ ڈی جی خان، تونسہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ اور اٹک میں دہشت گردوں کیخلاف مشترکہ آپریشن کئے گئے۔ ڈی جی خان میں 9 اپریل کو مارے گئے 5 دہشتگرد تحریک طالبان کے سہولت کار بھی تھے۔ ان کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی سے تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، راکٹ لانچر اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے اور جنوبی پنجاب میں چھوٹو گینگ کے وجود کی کوئی اطلاع نہیں۔ آپریشن ردالفساد دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ گوجرانوالہ میں پولیس اور حساس اداروں نے پندرہ مبینہ دہشتگردوں سمیت 45 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ آواران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق 1زخمی ہو گیا۔ حافظ آباد میں کومبنگ آپریشن کے دوران 51 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ 16افغان باشندوں کیخلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ راولپنڈی میں پولیس کو مطلوب ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ننکانہ صاحب میں بیساکھی میلہ سے قبل گورودوارہ جنم استھان کے اطراف میں سرچ آپریشن میں 64گھروں کی تلاشی لی گئی۔ لاہور میں پولیس نے 37 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
سرچ آپریشن